یورپ کے رویّے سے اس کے سلسلے میں بے اعتمادی بڑھتی جا رہی ہے، خرازی
ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپ کے رویّے سے حساسیت بڑھتی جا رہی ہے اور اس سے یورپ کے تئیں ایرانی رائے عامہ میں بے اعتمادی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے تہران میں فرانسیسی تھینک ٹینک کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ اینسٹیکس چینل کو آپریشنل بنانے میں یورپ کا فوری اور تیز رفتار اقدام یورپ کے سلسلے میں ایرانی رائے عامہ کی بے اعتمادی کو کم کر سکتا ہے-
ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی نے شام کی صورتحال کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، روس اور ترکی کے درمیان بعض نظریاتی اختلافات کے باوجود شام میں قیام امن کے تعلق سے تینوں ملکوں کا مفاد مشترک ہے اور اس سلسلے میں تینوں ملکوں کے صلاح و مشورے مفید رہتے ہیں-
انہوں نے شام میں دہشت گردوں کی شکست کے بارے میں بھی کہا کہ شام کے عوام دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور ملک میں امن قائم کرنے کی، صدر بشار اسد کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں-
کمال خرازی نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کے وزیراعظم کی ہرزہ سرائیوں میں شدت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنیامین نتن یاہو کو آئندہ انتخابات کے لئے طاقت کے اظہار کی ضرورت ہے لیکن وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایرانی مفادات کے خلاف کسی بھی طرح کی جارحیت خود نتن یاہو کی سیاسی خود کشی ہو گی-