Mar ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • ریلوے لائن سے پڑوسی ملکوں سے اتصال ایران کے خلاف پابندیوں کی شکست کے متارادف، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ ایران کا ریلوے لائن کے ذریعے متصل ہونا اور اس عمل میں توسیع ایران کے خلاف پابندیوں کی شکست و ناکامی کی علامت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران کے مغرب میں واقع شہر قزوین اور شمالی ایران میں واقع شہر رشت کے درمیان ریلوے لائن کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اس ریلوے لائن کا افتتاح اور آستارا سے اس کا اتصال خلیج فارس کو شمالی ایران، قفقاز کے علاقے، روس اور مشرقی و شمالی یورپ سے ملا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ریلوے لائن، شمال جنوب اور شمال مغرب کوریڈور شمار ہوتی ہے جو علاقے کے ملکوں کے درمیان نقل و حمل کے لئے بھرپور توانائی حامل ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور عراق کو جلد ہی ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کی حکومتیں، قومیں دوستی، برادری، ہمسائیگی اور مستحکم تعلقات کی حامل ہیں اور علاقے کے ملکوں کے تعلقات میں رخنہ اندازی کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ریلوے لائن سے علاقے کے ملکوں کا بندھن مزید مستحکم ہو گا اور ایران کی ریلوے لائن کا پاکستان، افغانستان، ترکمنستان، جمہوریہ آذربائیجان، ترکی اور عراق کی ریلوے لائن سے متصل ہونا، بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی موجودگی میں تہران کے مغرب میں واقع شہر قزوین اور شمالی ایران کے شہر رشت کے درمیان ریلوے لائن کا افتتاح ہوا۔

دوسری جانب ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ادویات پر پابندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے گیلان میں اہم شخصیات اور ماہرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام بلا وجہ، من گھڑت اور جھوٹے دعوی کرتے ہیں کہ وہ ایرانی عوام کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ ایران کی حکومت اور نظام کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ، ایرانی عوام کے لئے دوا کی فیکٹری بنائے جانے کا بھی مخالف ہے اور اس میں بھی وہ دباؤ ڈالنے والے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔

ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکی حکام جو اقدام ایرانی عوام کے خلاف کرتے ہیں وہ  پابندیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی بڑھ کر ہے، اس لئے کہ ان کا مسئلہ جوہری معاہدہ اور جوہری مذاکرات نہیں ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ امریکی حکومت، تمام قوموں  کے لئے مسائل کا باعث بنی ہوئی ہے اور وہ یمن اور وینزویلا کے عوام اور اسی طرح مختلف ممالک حتی اپنے اتحادیوں پر بھی دباؤ ڈالنے والے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی حکومت کو بظاہر دوسروں کو نقصان پہنچانے میں خوشی محسوس ہوتی ہے اور وہ عالمی معاہدوں سے غیر قانونی طور پر نکلنے میں خوشی محسوس کرتی ہے جو عقل و منطق کے خلاف ہے۔

ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں حکمراں جماعت صرف ایرانی عوام کے ہی خلاف نہیں ہے بلکہ وہ پوری دنیا کی اقوام کے لئے باعث مسائل و مشکلات بنی ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور حتی یورپی حکمراں بھی امریکی حکومت کے خلاف تند و تیز لہجے میں بات کرتے ہیں۔

ٹیگس