Mar ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • امریکہ جان لے کہ ایرانی ثروت کو ہرگز نہیں لوٹا جا سکتا

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امریکہ کو اس بات کو جان لینا چاہئے کہ جھوٹ و فریب کاری سے ایرانی قوم کی دولت و ثروت کو ہرگز نہیں لوٹا جا سکتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امریکہ کو اس بات کو جان لینا چاہئے کہ جھوٹ و فریب کاری سے ایرانی قوم کی دولت و ثروت کو ہرگز نہیں لوٹا جا سکتا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی حکام کو اپنے تمام غیرانسانی جرائم اور ایسے دشمنانہ اقدامات کا جواب دینا ہو گا کہ جن سے ایرانی قوم کو نقصان پہنچا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے سینٹرل بینک کے ضبط کئے جانے والے اثاثے آزاد کر دیئے جانے پر مبنی لگزمبرگ عدالت کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف بہانوں اور جھوٹے دعوؤں کی بنیاد پر امریکی غنڈہ گردی کا دور ختم ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو یہ بات جان لینی چاہئے کہ ایران کی غیور قوم اورعظیم ملک ایران، ان تمام ملکوں سے بالکل الگ ہے جو حمایت و مراعات کے حصول کی خاطر اپنا اور اپنی قوم کا سرمایہ امریکہ کی خدمت میں پیش کر دیتے ہیں۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے مقابلے میں سیاسی و قانونی مسائل میں امریکہ کو بارہا شکست ہوئی ہے اور امریکہ کو جان لینا چاہئے کہ ایران کی حکومت اور قوم کے عزم و ارادے کی خاطر اسے آئندہ بھی مزید شکست و ناکامی کا منھ دیکھنا پڑے گا۔

لگزمبرگ کی ایک عدالت نے بدھ کے روز اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ایران کے سرمائے میں سے ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر ضبط اور اس رقم کو گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ حملے کے شکار افراد کے اہل خاندان سے مخصوص کرنے کے لئے امریکہ کی اپیل کو مسترد کر دیا۔

عدالت نے صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اس کیس میں امریکی حکومت کے دلائل، بین الاقوامی قوانین سے بالکل مطابقت نہیں رکھتے۔ امریکہ کی ایک عدالت کی درخواست پر لگزمبرگ میں ایران کے سینٹرل بینک کے اثاثے یہ کہہ کر منجمد کر دیئے گئے تھے کہ گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ حملے میں ایران ملوث رہا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اسی طرح امریکہ کی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برائن ہک کا گھٹیا بیان عالمی سطح پر امریکہ کی تنزلی اور کمزور پوزیشن سے ان کی عدم آگاہی اور اسی طرح عالمی حالات سے ان کے غلط ادراک کا مظہر ہے۔

امریکہ کی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برائن ہک نے اسکائی نیوز سے گفتگو میں تہران کے خلاف واشنگٹن کے بے بنیاد دعؤوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں سے اب کسی بھی ملک کو مستثنی نہیں رکھا جائے گا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ برائن ہک، ایران مخالف جنون میں مبتلا ہیں، کہا کہ ہک نے ایک بار پھر بے عقلی کی بات کہی ہے اور ایرانی عوام سے اپنی عداوت اور مخاصمانہ جذبات  کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ برائں ہک کو سمجھنا چاہئے کہ آج کی دنیا میں امریکہ اب اپنی غیر انسانی اور شرمناک خواہشات کو پورا نہیں کر سکتا اور دیگر ملکوں پر امریکی تسلط پسندی کا دور گذر چکا ہے۔ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ کی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برائن ہک اور پوری امریکی حکومت کو، اپنے تمام غیر انسانی جرائم اور ایسے دشمنانہ اقدامات کا جواب دینا ہو گا کہ جن سے ایرانی قوم کو نقصان پہنچا ہے۔

ٹیگس