Apr ۱۰, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • سپاہ علاقے میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں سب سے آگے ہے، صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی علاقے میں آزادی کی محافظ اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں پش پیش ہے۔ دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں امریکی فوجیوں پر ایران کی پوری نظر ہے اور وہ ایران کے خلاف کوئی فوجی اقدام کرنے کی جرآت نہیں کر سکتے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ دشمن، علاقے میں اپنا مقصد حاصل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور وہ اس بات کو جانتے ہیں کہ اس شکست و ناکامی میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بنیادی کردار رہا ہے اسی وجہ سےدشمن  بوکھلایا ہوا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عراق، شام، لبنان، یمن، افغانستان، پاکستان اور مختلف دیگر ملکوں کی اقوام نے ایرانی قوم اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا ہے اور یہ کہ سپاہ کے خلاف امریکہ کے اقدام سے کوئی چیز اس کے مفاد میں تبدیل نہیں ہو گی۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ کے اس اقدام کو نمائشی، سیاسی و تشہیراتی قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکی بخوبی جانتے ہیں کہ وہ اگر اپنے نمائشی اقدام سے ایک قدم بھی آگے بڑھے تو انھیں کس طرح کے مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔
دریں اثنا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ علاقے میں امریکی فوج پر مکمل نظر ہے اور اور وہ ایران کے خلاف کوئی فوجی قدم اٹھنے کی جرآت بھی نہیں کر سکتی۔
میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے موقع پر آئی آر آئی بی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف امریکی اقدام اس کے ناپاک و شرمناک عزائم کے برخلاف ایرانیوں میں مزید اتحاد و ہمدلی کا باعث بنا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلی عہدیداروں نے بدھ کے روز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری سے ملاقات کی۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت امریکہ نے پیر کے روز ایران مخالف اقدامات کا سلسلہ اور ان قوتوں پر دباؤ بڑھانے کی پالیسیاں جاری رکھتے ہوئے کہ جنھوں نے دہشت گردی کے خلاف مہم کے تحت واشنگٹن کو علاقے میں ناجائز مقاصد کے حصول میں ناکام بنایا ہے، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام ان گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جنھیں امریکہ دہشت گرد قرار دیتا ہے۔
امریکہ کے اس شرمناک اقدام کے جواب میں ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل نے بھی مغربی ایشیا میں تعینات امریکی فوجیوں اور ان سے وابستہ تمام قوتوں کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔