Apr ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش پر سنجیدہ ہیں: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش پر سنجیدہ ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کےترجمان دفترخارجہ سید عباس موسوی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے حالیہ دنوں ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پیشکش کی تھی جس پر ہم سنجیدہ ہیں اور دفترخارجہ بھی اس حوالے سے اپنے فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم ایران میں عدلیہ کی جانب سے سزا پانے والے قیدیوں کے بدلےامریکہ میں بے بنیاد الزامات کے تحت قید یا امریکی دباؤ کے تناظر میں مختلف ممالک میں قید ایرانیوں کے تبادلے پر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

سید عباس موسوی نے مزید کہا کہ امریکی حکمراں عجلت سے کام لیتے ہوئے یکطرفہ طور پر اپنے قیدیوں کی رہائی چاہتے ہیں جو ماضی کے مذاکرات اور معاہدوں کے منافی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اگر امریکی حکومت میں کوئی ارادہ ہو تو ایرانی وزیر خارجہ کی تجویز واضح ہے جس کی مزید وضاحت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ محمد جواد ظریف نے حال ہی میں کہا تھا کہ امریکہ اور یورپ میں بعض ایرانی قید ہیں جن پر امریکہ نے پاپندیوں کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح طور پر قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش کرتے ہیں۔

ٹیگس