دہشت گردی اور انتہا پسندی ایشیا کے لئے بڑا خطرہ، جنرل حاتمی
ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جنوبی اور مغربی ایشیا کے لئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے علاقے کے تمام خیرخواہ ملکوں منجملہ ازبکستان کے ساتھ تعاون کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
ایران کے وزیر دفاع نے جمعرات کے روز ماسکو سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر دفاع جنرل بہادر قربان اوف سے ملاقات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو علاقے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مداخلت کے دو نتائج سے تعبیر کیا۔
انھوں نے ایران اور ازبکستان کے گہرے تاریخی و ثقافتی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں منجملہ سیکورٹی و دفاعی شعبوں میں تعاون کی توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں ازبکستان کے وزیر دفاع بہادر قربان اف نے بھی سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لئے دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے عزم کو مناسب ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مہم سے متعلق تہران تاشقند تعاون، ماضی سے بھی زیادہ فروغ پائے گا۔