ایران کے تیل کی برآمدات بند کرانا ناممکن ہے، اوپیک کے سیکریٹری جنرل
تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے سیکریٹری جنرل نے تیل کی منڈی سے ایرانی تیل کو ہٹائے جانے کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوپیک میں کسی کی من مانی نہیں چلتی
اوپیک کے سکریٹری جنرل محمد سانوسی بارکیندو نے جمعرات کو تہران میں تیل اور گیس سے متعلق چوبیسویں بین الاقوامی نمائش کے موقع پر اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ تیل برآمد کرنے والے دو ملکوں نے ایران کے تیل کی کمی کو پورا کرنے کا دعوی کیا ہے، کہا ہے کہ اوپیک میں کوئی ایک نہیں بلکہ سب مل کر فیصلہ کرتے ہیں۔
محمد سانوسی بارکیندو نے کہا کہ اوپیک کے اجتماعی فیصلے میں تمام ممالک اور سیکریٹریٹ، سب شامل ہوتے ہیں۔انھوں نے ایران کے تیل کی برآمدات کے سلسلے میں دی جانے والی دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ممکنہ طریقے تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اوپیک کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایران کے مسئلے کا اثر پوری اوپیک تنظیم پر پڑ رہا ہے اور ایران، وینزوئیلا اور یا لیبیا کے واقعات، تیل کی منڈی اور تیل کی صنعت پر پوری طرح سے اثرانداز ہو رہے ہیں۔