قومی سلامتی پر ذرہ برابر آنچ نہیں آنے دی جائے گی، جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ملک کی خود مختاری، ارضی سالمیت اور قومی سلامتی پر ذرہ برابر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
امام خمینی رح کی تیسویں برسی کے موقع پر جاری کیے جانے والے اپنے ایک بیان میں جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ایران کی طاقت اور علاقائی اثر و رسوخ امام خمینی رح کی فکر کے زندہ ہونے اور آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت کی دین ہے۔
جنرل باقری نے واضح کیا کہ ایران کی تزویراتی گہرائی اور علاقائی پوزیشن کے باعث مغربی ایشیا کا کوئی بھی مسئلہ ایران کے تعاون کے بغیر حل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں مزاحمتی محاذ کے قیام نے صیہونی حکومت کی نیندیں حرام کر دی ہیں حالانکہ پوری مغربی دنیا اور بعض عرب ممالک بھی اس کی حمایت کر رہے ہیں۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ ملک کی دفاعی طاقت میں اضافے کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔