Jun ۰۴, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • امام خمینی کی برسی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے

رہبر کبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی تیسویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے حرم میں تیسویں برسی میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع  ہو چکا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس سال بھی برسی کے پروگرام میں پرلاکھوں عقیدت مند شرکت کرکے اپنے محبوب رہنما کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں سے برسی میں شرکت کے لئے لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوارتہران پہنچ رہے ہیں۔ جبکہ بہت سے زائرین دور دراز کا سفر پیدل طے کر کے کل رات تہران پہنچے۔

حضرت امام خمینی (رح) کی تیسویں برسی کے پروگرام میں ایرانی عوام اور حکام کے ساتھ ساتھ ہرسال کی طرح اس سال بھی دنیا کے مختلف ملکوں کے ہزاروں مہمان اور شخصیات شرکت کر رہی ہیں-

زائرین اور سوگواروں کی سہولت کے لئے سبھی ضروری اقدامات کئے گئے ہیں ہلال احمر کے ساڑھے چھے سو سے زائد امدادی کارکن تعینات ہو چکے ہیں جبکہ جگہ جگہ کلینک اور فیلڈ اسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں-

برسی کے پروگرام کی کوریج کے لئے ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے سیکڑوں صحافی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے  بھی موجود ہوں گے جو برسی کے پروگرام کی کوریج کریں گے۔ پروگرام کے اختتام پر روزہ داروں کے لئےافطار کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

اس سال حضرت امام خمینی (رح) کی برسی ماہ مبارک رمضان کی 29 تاریخ میں منائی جا رہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی تیسویں برسی کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں مجالس ترحیم ، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا گیا ہے ہمارے نمائندوں کی رپورٹوں کے مطابق عراق، شام، لبنان، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں منعقدہ برسی کے مخصوص پروگراموں، کانفرنسوں اور سیمیناروں میں حضرت امام خمینی رح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

تیسویں برسی کی مناسبت سے آج منگل 4 جون کی شام تہران کے وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کے مزار اقدس پر اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف علاقوں کے عوام اور دنیا کے مختلف ملکوں کی شخصیات و عوام کی شرکت سے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ برسی کےعظیم الشان پروگرام سے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای خطاب فرمائیں گے۔

تیس سال قبل چار جون انیس سو نواسی کو رہبر کبیرانقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی نے جد وجہد سے بھرپور اپنی ستاسی سالہ حیات بسر کرنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا اور آپ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

حضرت امام خمینی (رح) کے عقیدت مندوں اور چاہنے والوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بار بھی دنیا والوں کو یہ پیغام دے گا کہ روح اللہ سے عشق و محبت جاودانی اور نہ ختم ہونے والی ہے-

سحرعالمی نیٹ ورک بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی رحلت جان گداز کی مناسبت سے اپنے تمام سامعین، ناظرین، کرم فرماوں اور آپ کے چاہنے والوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس