جاپانی وزیراعظم تہران کے لیے روانہ ہوگئے
جاپانی وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ بات چیت اور خطے کی صورتحال میں بہتری کیلئے پُرامید ہیں۔
جاپانی وزیراعظم شنزو ابے نے ٹوکیو سے تہران روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ایرانی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد ایسا نتیجہ نکل آئے گا جس سے مشرق وسطی میں موجودہ کشیدگی کا خاتمہ ہوسکے.
جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری، مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافے پر فکرمند ہے تاہم جاپان کی کوشش ہےکہ جتنا ممکن ہو سکے خطے کے قیام امن اور استحکام کے لئے اپنے تعمیری کردار کو ادا کرے.
شنزو ابے جو چار دہائیوں کے بعد جاپان کے پہلے وزیراعظم کے طور پر ایران کا دورہ کر رہے ہیں، خطے کی کشیدگی کم کرنے کے لئے ایران اور جاپان کے درمیان دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کی صلاحیتوں کا استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں.
جاپانی وزیر اعظم آج ایران آئیں گے۔ شنزو ابے اس دورے کے دوران رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت الله العظمی سیدعلی خامنہ ای، صدرحسن روحانی اور دیگر اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے.