Jul ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • آسمان امامت و لایت کے آٹھویں درخشاں ستارے کی شب ولادت باسعادت کا جشن

دس ذی القعدہ فرزند رسول (ص) اور آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی شب ولادت با سعادت ہے۔ اسی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن و قصیدہ خوانی کی محفلیں شروع ہو گئی ہیں۔

 آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے، فرزند رسول (ص) حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ الصلوات و السلام، گیارہ ذی القعدہ سنہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔

دنیا بھر کے مسلمانوں اوراسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے مسلمان اور اللہ تعالی کی خوشنودی کے خواہاں لوگ، حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر آپ کے روضہ اقدس سمیت مختلف مقدس مقامات پر جا کر جشن مناتے ہیں۔

اسی مناسبت سے ایران کے مختلف شہروں خاص طور سے مقدس شہروں مشہد و قم کی سڑکوں اور تمام مقدس و مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور ہر طرف محفل میلاد اور قصیدے خوانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور لوگ  شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں اورعلمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام رضا علیہ الصلوات و السلام کے فضائل بیان کر رہے ہیں۔

مشہد مقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات و السلام کے حرم مطہر اور قم میں آپ کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کا روضہ اقدس شیدائیوں سے کچھا کھچ بھرا ہوا ہے اور لوگ اس پرمسرت موقع پر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

دنیا کے دوسرے ممالک خاص طور سے عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان، بحرین، یمن اور دیگر ملکوں کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے جشن و سرور کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ٹیگس