ایرانی وزیر خارجہ کے خلاف امریکی پابندیوں کو یورپی یونین نے مسترد کر دیا
یورپی یونین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے خلاف امریکی پابندیوں کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ اپنا تعاون اور رابطہ جاری رکھے گی۔
ایم بی سی نیوز ویب سائٹ نے خبر دی ہے کہ یورپی یونین نے جمعرات کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے خلاف امریکی پابندیوں پر اسے افسوس ہے اور وہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ اپنا رابطہ اور تعاون جاری رکھے گی۔
یورپی کمیشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے سے اس کو دکھ ہوا ہے اور سفارتی چینلوں کے تحفظ کی اہمیت کے پیش نظر وہ ڈاکٹر ظریف کے ساتھ جو ایران کی اعلی ترین سفارتی شخصیت ہیں، اپنا رابطہ اور تعاون جاری رکھے گا-
امریکی وزارت خزانہ نے پابندیوں کے نشے میں چور جمعرات کی صبح اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف پر بھی پابندیاں عائد کر دیں-
دوسری جانب وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے اپنے خلاف امریکی حکومت کی پابندیوں کے اعلان کے بعد اپنے ٹویٹر پیج پر واشنگٹن کے حکام کو خطاب کرتے ہوئے لکھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ امریکی حکام مجھے اپنے منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں خطرہ سمجھتے ہیں-
انہوں نے کہا کہ ان پابندیوں کا کوئی اثر نہیں ہو گا کیونکہ بیرون ملک میرے اور میرے گھر والوں کے کسی قسم کے اثاثے نہیں ہیں-
وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے پہلے بھی امریکی دھمکیوں کے جواب میں کہا تھا کہ میری پوری دولت اور اثاثہ صرف اور صرف ایران ہے-
اس درمیان ایران کی سپاہ پاسداران اور مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر نے اپنے بیانات میں امریکی پابندیوں کے مقابلے میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی حمایت کا اعلان کیا ہے-
سپاہ پاسداران نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر جواد ظریف کے خلاف امریکا کے غیر قانونی اقدام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکا کی کوشش قرار دیا-
سپاہ پاسداران نے اعلان کیا ہے کہ امریکیوں نے ایک بار پھر اسلامی انقلاب کے الہام بخش اور سامراج مخالف نظریئے سے اپنی ناراضگی اور دشمنی کا اظہار کیا ہے-
سپاہ پاسداران کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے میں امریکا کی سپر پاور کی حیثیت طاقت خاک میں ملادی اور اس کی مہم جوئیوں کا خاتمہ کر دیا جبکہ واشنگٹن اور علاقے نیز علاقے سے باہر کی اس کی دم چھلاّ حکومتوں کو گلے میں ذلت آمیز شکست کا قلادہ پہنا دیا ہے-
ایران کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر نے بھی امریکی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے اپنے گمان باطل میں اسلامی جمہوریہ ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور علاقے نیز دنیا میں اپنی پئے درپئے شکستوں کی تلافی کے لئے ایران کے وزیر خارجہ پر پابندی عائد کی ہے-
ایران کی مسلح افواج نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا کے اس طرح کے موذیانہ اقدامات کا شکست کے علاوہ اور کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کہا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں بحری اتحاد کے قیام کی امریکی کوششوں پر یورپ اور علاقے کے ملکوں کی مخالفت نے وائٹ ہاؤس کو سیخ پا کر دیا ہے-