Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • جنگ کی صورت میں اسرائیل کا سقوط  یقینی ہو گا، جنرل سلامی

سپاہ پاسداران ان‍قلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ علاقے میں جنگ کی صورت میں اسرائیل کو سقوط سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔

شمالی صوبے کرمانشاہ کے سرحدی علاقوں کے دورے کے موقع پر سپاہ پاسدران کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے  بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کی استقامت کے نتیجے میں دشمن بے بسی اور سیاسی افسردگی کا شکار ہو گئے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے اتحاد  قائم کر کے ایران پر سیاسی،  اقتصادی اور فوجی لحاظ سے دباؤ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن آج دشمن کے تمام ستونوں میں کمزوری اور زوال کا بخوبی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
 جنرل حسین سلامی نے دشمن کے مقابلے میں ملت ایران کی کامیابیوں کو رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج علاقے میں اسلامی انقلاب کے نظریے کے مطابق اسرائیل کو شکست دینے والی افواج تشکیل پا رہی ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ دشمن علاقے میں جھڑپوں اور جنگ سے گریزاں ہے تاہم میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر علاقے میں نئی جنگ چھڑی تو صیہونی حکومت کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہو گا اور اسے زوال سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔