ایرانی عازمین حج کے سربراہ اور تحریک امل کے رہنما کی ملاقات
Aug ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
ایرانی عازمین حج کے سربراہ نے مکہ مکرمہ میں لبنان کی امل تحریک کے ارکان سے ملاقات اور امت مسلمہ کے مسائل و مشکلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
امور حج میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام سید عبدالفتاح نواب اور لبنان کی تحریک امل کی سربراہی کمیٹی کے رکن قبلان قبلان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دیگر ایرانی اور لبنانی عہدیدار بھی موجود تھے۔
سید عبدالفتاح نواب نے اس موقع پر صیہونی دشمن کے مقابلے میں لبنانی عوام کے جذبہ استقامت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان کے عوام نے اپنی استقامت کے ذریعے صیہونی دشمن پر کاری ضربیں لگائی ہیں۔
امور حج میں رہبر انقلاب اسلام کے نمائندے نے کہا کہ ایران اور لبنان ایک پیکر کی مانند ہیں اور ایران کے عوام لبنانیوں کی خوشیوں اور غم میں خود کو برابر کا شریک سمجھتے ہیں۔
تحریک امل کی سربراہی کمیٹی کے رکن قبلان قبلان نے بھی اس موقع پر امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی تقویت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین، ایک اسلامی ملک ہے اور تمام مسلمانوں کو اس معاملے پر بھرپور توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
لبنان کی تحریک امل کے رہنما نے ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقتصادی جنگ میں بھی کامیاب ہو جائے گا۔