ایران کے صدر نے دی عیدالاضحی کی مبارکباد
Aug ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۶:۵۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عیدالاضحی کی اسلامی ممالک کے سربراہوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام پر الگ الگ پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اتحاد کے ذریعے دہشتگرد عناصر سمیت غاصب اور قابض طاقتوں کے یکطرفہ اقدامات کا مقابلہ کریں گے اور خطے اور دنیا میں قیام امن و استحکام سمیت انصاف کی بالادستی اور بھائی چارے کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔
صدرمملکت نے مزید کہا کہ عید الاضحی، اللہ رب العزت کے احکامات کے حوالے سے اپنے فرائض نبھانے، نفس پر غلبہ پانے، خدا کے سامنے سر تسلیم خم کرنے اور اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے کا موقع ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اورہندوستان سمیت کئی ممالک میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔