Aug ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • آبنائے ہرمز کی سلامتی ایران کی ریڈ لائن ہے، اسحاق جہانگیری

ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے آبنائے ہرمز کی سلامتی کو تہران کی ریڈ لائن قرار دیا ہے۔

ترکمانستان کے سیاحتی علاقے آوازہ میں کیسپیئن اکنامک فورم کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ کسی بھی نام اور اتحاد کے عنوان سے بیرونی طاقتوں کی موجودگی خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہوگی۔ایران کے نائب صدر نے واضح کیا کہ عالمی آبی گزرگاہوں، جنوبی اور شمالی ساحلوں اور آبنائے ہرمز کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے اور اس معاملے پر کسی  سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اسحاق جہانگیری نے ایک بار پھر ایران کے دیرینہ اور اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ خطے کی سلامتی کا تحفظ خطے کے ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔نائب صدر نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کا فروغ اور ہر قسم کی کشیدگی سے گریز اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران،  وسطی ایشیا اور کیسپیئن سی کے تمام ساحلی ملکوں کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔