Aug ۲۰, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
  • آبنائے ہرمز کی سلامتی کا  ذمہ دار صرف ایران ہے ، ایڈمرل تنگسیری

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس میں بیرونی طاقتوں کی فوجی موجودگی سے ڈرنے والا نہیں ہے۔

ریئرایڈمرل علی رضا تنگسیری کا کہنا تھا کہ ہم خطے اور دنیا کے تمام ملکوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس میں امریکہ، برطانیہ یا کسی بھی دوسرے ملک کی موجودگی سے ہرگز مرعوب نہیں ہوگا۔ایران کے بحری کمانڈر نے کہا کہ، آبنائے ہرمز میں رفت و آمد سب کے لیے آزاد ہے اور ایران ہی اس علاقے کی سیکورٹی کا تنہا ذمہ دار ہے۔ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری کا کہنا تھا کہ ایران، خلیج فارس میں بدامنی پھیلانے کی غرض سے آنے والی بیرونی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ اور علاقے کی سلامتی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر تن دھی کے ساتھ عمل کرتا رہے گا۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ ایران نے اسلامی ملکوں اور اقوام کی جانب دوستی و اخوت کا ہاتھ پھیلا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایران تنہا نہیں ہے بلکہ دنیا بھر کی حریت پسند اقوام اسلامی انقلاب کی سوچ اور نظریے کی وجہ سے ایران کی حمایت کر رہی ہیں۔