Nov ۱۷, ۲۰۲۵ ۲۱:۵۳ Asia/Tehran
  • حزب اللہ: ہم لبنان کی مکمل خودمختاری پر یقین رکھتے ہیں اورایک انچ زمین سے دستبردار نہیں ہوں گے

حزب اللہ لبنان کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ ختم کرانے کے لیے لبنانی حکومت کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حزب اللہ کسی بھی صورت میں دشمن کی جارحیت کے آگے نہیں جھکے گی۔

 سحرنیوز/عالم اسلام:   شیخ نعیم قاسم نے پیر کے روز حزب اللہ کے  میڈیا سیل کے سربراہ شہید محمد عفیف، کی پہلی برسی   پر اپنے خطاب میں  غاصب صیہونی حکومت اور لبنان کی جنگ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

   انہوں نے کہا کہ  لبنان نے 22 نومبر 1943 کو  جدوجہد، قربانیوں، مجاہدین آزادی کی  قید و بند کی صعوبتوں  اور شہدا کے خون کے نتیجے میں آزادی  حاصل کی ۔

شیخ نعیم قاسم نے زور دیتے ہوئے کہا: ’’ہم لبنان کی مکمل ارضی سالمیت اور ( 10,452 مربع کلومیٹرپر مشتمل) ملک کے پورے رقبے کے تحفظ پر ایمان رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم یہ ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ ہماری سرزمین کا ایک انچ بھی ہاتھ سے نکل جائے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ  لبنان کو ہرطرح کی بیرونی سرپرستی اورتابعداری سے دور رہتے ہوئے عزت کے ساتھ آزاد اور خودمختار رہنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز یونیفل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے اپنی  تعمیر کردہ  دیوار  کے ذریعے لبنان کی 4 ہزار مربع میٹر سے زیادہ زمین کو عوام کے لیے ناقابلِ رسائی بنا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی امن فوج  یونیفل، لبنانی فوج اور عام شہریوں کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ لبنان سنگین نوعیت کی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اس جارحیت کا  مقابلہ سفارتی، سیاسی اور ہر اس طریقے سے کیا جانا چاہیے جو جارحیت روکنے کے لئے ضروری ہو۔

   انہوں نے کہا کہ لبنانی حکومت اور ریاست کے تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کریں۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ  اصل مسئلہ، لبنان کا مقاومتی محاذ حزب اللہ،  فوج یا حکومت کی کارکردگی نہیں بلکہ صیہونی  دشمن کی جارحیت ہے اور ہمیں اسی زاویہ سے دیکھنا ، سمجھنا اور طریقہ کار طے کرنا چاہئے۔      

انہوں نے ان حلقوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جو کہتے ہیں کہ اصل مسئلہ حزب اللہ کا ہے جو جھکنے پر تیار نہیں ہے۔ 

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ  لوگ دراصل ملک کو صیہونی دشمن  کے سامنے جھکانا چاہتے ہیں اور ہم اس کے مخالف ہیں۔

  انھوں نے کہا کہ ہم  عظیم لبنانی قوم کا حصہ ہیں، ہمارا اپنا نظریہ ہے اور ملک کی سیاسی جماعتیں ہم سے متفق ہیں۔      

 

ٹیگس