ہندوستان، شیخ حسینہ واجد کو فوری طور پر ہمارے حوالہ کرے : بنگلہ دیش
بنگلہ دیش نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے لئے سزائے موت کے عدالتی حکم کے بعد ہندوستان سے ان کی فوری حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر کو جسٹس محمد غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں تین رکنی ٹربیونل نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف دائر مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیا۔
اس فیصلے کے بعد بنگلہ دیش نے ہندوستان میں پناہ لینے والی شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
بنگلا دیش کی وزارتِ خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں ہندوستان سے مطالبہ کیا کہ وہ شیخ حسینہ اور سابق وزیرِ داخلہ اسد الزمان خان کو عدالتی فیصلے کے بعد فوری طور پر حوالے کرے۔

دوسری جانب شیخ حسینہ نے اپنی سزائے موت کے حکم پر سخت ردعمل دکھاتے ہوئے اس فیصلے کو سیاسی اور جانبدار جبکہ مقدمے کو تماشا قرار دے دیا۔ شیخ حسینہ واجد نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں، میں گزشتہ سال جولائی اور اگست میں ہونے والی تمام ہلاکتوں پر افسوس کرتی ہوں، میں نے اور کسی اور سیاسی رہنما نے مظاہرین کو قتل کرنے کا حکم نہیں دیا تھا۔