علاقائی سلامتی کو باہر سے خریدا نہیں جاسکتا، ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ علاقائی سلامتی کو باہر سے خریدا نہیں جاسکتا۔
ڈھاکے میں بحر ہند کے ساحلی ملکوں کی تنظیم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی کو باہر سے درآمد کرنے کی صورت میں خطے میں فوجی چھاؤنیوں میں اضافہ کے سوا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ علاقائی سلامتی کو صرف علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بحر ہند کے ساحلی ملکوں کے عوام کی فوڈ سیکورٹی اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کیے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بحر ہند کے خطے کو متعدد قسم کے چیلنجوں کا سامنا ہے جس میں انسانی اسمگلنگ، منشیات، اسلحہ کی تجارت، غیر قانونی ماہی گیری، ماحولیاتی آلودگی اور سمندری ذخائر کا غیر قانونی استعمال وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران تمام چیلنجوں سے نمٹنے کی غرض سے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔