Oct ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • اشیائے خوراک و ادوبات پر پابندی امریکا کی پیشانی پربدنما داغ ہے، صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشیائے خوراک اور ادویات پر پابندی امریکا کی پیشانی پر بدنما داغ ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں مشرقی بحیرہ روم کے علاقے کے ملکوں کے وزرائے صحت کے چھیاسٹویں اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی واشنگٹن کے لئے ایک ذلت تھی اور ایرانی عوام کے خلاف اشیائے خوراک و دواؤں پر پابندی امریکا کے لئے اس سے بھی بڑی ذلت اور واشنگٹن کی پیشانی پر بدنما داغ ہے ۔صدر روحانی نے اس بات کاذکرکرتے ہوئے کہ امریکا نے انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا اور اس کا اقدام اقتصادی دہشت گردی ہے کہا کہ ایرانی سائنسدانوں ، محققین ، صنعتکاروں اور تاجروں نے امریکا کی ظالمانہ اور غیر منصفانہ پابندیوں اور غیر معمولی دباؤ کے باوجود اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے مشن کی جانب آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری رکھا - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آٹھ کروڑ تیس لاکھ ایرانی شہری امریکا کے مظالم اور جرائم کو فراموش نہیں کریں گے کہا کہ امریکا کو اس میدان میں شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا اور سیاست اخلاق اور انسانیت کے میدان میں بھی ایران فاتح ہوگا اور امریکا کو شکست سے دوچار ہونا پڑے گا - اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ جنگ و دہشت گردی سے صحت عامہ اور حفظان صحت کو بے پناہ نقصان پہنچتا ہے کہا کہ یمن شام عراق اور افغانستان پر حملے اور قبضے کا مطلب یہ ہے کہ ان ملکوں کے عوام کو اب سالہا سال مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا اور صحت عامہ کا نظام بھی درہم برہم ہوگا - صدر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران مشکل حالات میں اپنے پڑوسیوں کو فراموش نہیں کرے گا کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق اور شام کے عوام کو میڈیکل اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور مظالم کے مقابلے میں مظلوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے کہا کہ ایران یمن کے عوام کی بھی غذا اور دوا کی ترسیل میں مدد کررہا ہے اور اس کام کو وہ اپنے لئے باعث فخر سمجھتا ہے - انہوں نے کہا کہ ایران کا افتخار صرف میڈیکل سائنس ، دواسازی ، بیماریوں کی تشخیص اور میڈیکل کی اعلی تعلیم ہی نہیں ہے بلکہ ایران کا افتخار ایرانی ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی میڈیکل کے شعبے میں کام کرنے والوں کا جذبہ ایثار و فداکاری ہے اور ایران میں طبی شعبے کے اخلاقیات علم و سائنس سے بڑھ کر ہیں - اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے سکریٹری جنرل ٹیڈروس ادھنام نے کہا کہ میڈیکل اور صحت کے میدان میں ایران مشرقی بحیرہ روم کے ملکوں میں سب سے آگے ہے انہوں نے کہا کہ ایران نے میڈیکل کی خدمات کی سطح کو بلند کرکے بچوں اور خواتین کی اموات اور وبائی امراض کو کنٹرول کرلیا ہے انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں ایران کی کامیابی اور خدمات کے پیش نظر ڈبلیو ایچ او خود کو اس بات کا پابند سمجھتا ہے کہ وہ ایران کی اس شعبے میں مدد کرے - مشرقی بحیرہ روم کے ملکوں کے وزرائے صحت کے اجلاس میں بائیس ملکوں کے وزراء شریک ہیں جن میں میڈیکل و علاج و معالجے سے متعلق مختلف مسائل پر تقریریں ہوں گی ۔

ٹیگس