اربعین کا بے مثال اجتماع عظمت اسلام کا مظہر ، صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اربعین ملین مارچ میں شرکت کرنے والے دسیوں لاکھ زائرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اربعین ملین مارچ میں کروڑوں عاشقان حسینی کی شرکت اسلام کی عظمت و شوکت اور ساتھ ہی دشمنوں کی ناامیدی و مایوسی کا مظہر ہے
صدر حسن روحانی نے اپنے پیغام میں اس سال اربعین ملین مارچ کی سیاسی ثقافتی اور معنوی طاقت و اثرات کو کم کرنے کی سامراجی طاقتوں اور ان کے ایجنٹوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اربعین حسینی میں زائرین اور عاشقان حسینی کا بے مثال اور ناقابل توصیف اجتماع اسلام کی عظمت اور مسلمانوں کے اتحاد کا نیا جلوہ تھا - انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس عظیم عالمی اجتماع کا جو ہر سال پہلے والے سال کے مقابلے میں زیادہ پرجوش طریقے سے منعقد ہوتا ہے ایک اہم نتیجہ امت اسلامیہ کے درمیان زیادہ سے زیادہ اتحاد کی صورت میں نکلے گا ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس سے پہلے عراق کے صدر برہم صالح اور عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے نام بھی ایک پیغام میں زائرین کی شاندار مہمان نوازی اور ان کی مکمل سیکورٹی کے تعلق سے عراقی عوام ، حکام اور خاص طور پر مراجع کرام کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا ۔