علاقے میں امن و استحکام کی برقراری پر ایران و ہندوستان کی تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i359297-علاقے_میں_امن_و_استحکام_کی_برقراری_پر_ایران_و_ہندوستان_کی_تاکید
ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری اور ہندوستان کے نائب مشیر قومی سلامتی نے علاقے میں امن و استحکام کی برقراری پر تاکید کی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۵:۵۷ Asia/Tehran
  • علاقے میں امن و استحکام کی برقراری پر ایران و ہندوستان کی تاکید

ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری اور ہندوستان کے نائب مشیر قومی سلامتی نے علاقے میں امن و استحکام کی برقراری پر تاکید کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی سے ہندوستان کے نائب مشیر قومی سلامتی راجیندر کھنہ نے ایران میں منعقدہ دوسری علاقائی کانفرنس کے موقع پرملاقات کی۔

اس ملاقات میں ایڈمیرل علی شمخانی نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کو خطے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے علاقائی ملکوں کے درمیان مذاکرات پر زور دیا۔

ایڈمیرل علی شمخانی نے خطے میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کی جڑوں کو امریکہ اور تسلط پسند اور سامراجی طاقتوں کی پالیسیوں میں پوشیدہ قرار دیتے ہوئے سامراج کے خلاف جنگ میں ہندوستانی رہنما مہاتما گاندھی جیسے عظیم حریت پسند رہنماؤں کے تعمیری کردار کو سراہا۔

 انہوں نے تہران اور نئی دہلی کے درمیان اچھے تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشی شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے لئے بہت سارے مواقع موجود ہیں۔

ہندوستان کے نائب مشیر قومی سلامتی نے ایران جوہری معاہدے کے تحفظ اور اس معاہدے کے بین الاقوامی فریقین کی جانب سے اپنے کیے گئے وعدوں پر قائم رہنے کو بین الاقوامی امن اور سلامتی میں مؤثر قرار دیا۔

راجیندر کھنہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو جوہری معاہدے کے تمام حقوق اور ثمرات ملنے چاہئیں اور ان کا ملک  پُرامن جوہری توانائی کے استعمال کے لئے ایران کے قانونی حق کا دفاع کرتا ہے۔