علاقے کے ملکوں کو بحری فوجی مشقوں میں شرکت کی دعوت
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل حسین خانزادی نے آئندہ ہونے والی مشقوں میں علاقے کے ممالک کو بھی شرکت کرنے کی دعوت دی ہے۔
ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل حسین خانزادی نے ایران، روس اور چین کی مشترکہ بحری مشقوں کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے علاقے کے تمام ممالک کو دعوت دی کہ علاقائی اتحاد و یکجہتی میں شامل ہونے کے لئے آئندہ ہونے والی مشقوں میں وہ بھی شامل ہوں۔
ایڈمرل حسین خانزادی نے ایران، روس اور چین کی مشترکہ بحری مشقوں کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان بحری فوجی مشقوں کے تمام مرحلے اب تک پوری کامیابی سے انجام پائے ہیں اور ایران مغربی ایشیا کے ممالک سے چاہتا ہے کہ وہ بھی مدد کریں تاکہ اس علاقے کے ممالک کےتعاون سے امن عامہ کا مفھوم بہترین شکل میں عملی جامہ پہن سکے۔
ایڈمرل خانزادی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمن نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران پابندیاں عائد کر کے ایران کو تنہا کرنے کی بھرپور کوشش کی کہا کہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں کا نہ صرف کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے بلکہ یہ پابندیاں علاقائی قوتوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کا باعث ہوئی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس علاقے میں امریکیوں کے دندناتے پھرنے اور من مانی کرنے کا دور ختم ہوچکا ہے اور انھیں علاقے سے باہر نکل جانا چاہئے۔
ایران، چین اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں جمعے سے شمالی بحر ہند اور بحیرہ عمان میں شروع ہوئی ہیں اور پیر تک جاری رہیں گی ۔ ان فوجی مشقوں کا پیغام، اجتماعی اتحاد و تعاون سے پائدار امن و دوستی اور سیکورٹی ہے۔ ان فوجی مشقوں میں تینوں ملکوں کے بحری فوجی دستوں کے ذریعے معینہ اہداف کو نشانہ بنانے اور آتش سوزی یا حملوں کا شکار ہونے والے جہازوں کی حفاظت سمیت گوناں گوں ٹیکٹیکل مشقیں انجام دی جائیں گی۔