صدر ایران اور امیر قطر کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت
Jan ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۳ Asia/Tehran
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ٹیلی فون پر ایک دوسرے سے بات چیت اور علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
صدر ایران نے ڈاکٹر حسن روحانی نے قطر کے امیر سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کو امریکہ کا سنگین ترین جرم قرار دیا۔ انہوں نے دنیا بھر کے ملکوں اور خاص سے ہمسایہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس جرم کی کھل کر مذمت کریں۔
صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جنرل قاسم کا سلیمانی عراقی حکومت کے مہمان تھے اور عراقی سرزمین پر ان کا قتل عراق کے اقتدار اعلی کی کھلی توہین اور ایران کی عظیم قوم کے خلاف سنگین ترین جرم ہے۔ انہوں نے امریکہ کے اس مجرمانہ اقدام کے خلاف ایران کی جوابی کارروائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے ہمارے اقدام کے جواب میں کوئی حملہ کیا تو اسے بہت بڑے اور تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صدر ایران نے مزید کہا کہ پڑوسیوں کے درمیان تعاون کی تقویت اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کا خاتمہ، خطے کی سلامتی کے تحفظ کا واحد راستہ ہے۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک اپنے خلاف پابندیوں کے حوالے سے ایران کے عوام اور حکومت کے انسان دوستانہ موقف کو ہرگز فراموش نہیں کرے گا۔ شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر کی حکومت اور عوام ایران کے خلاف کشیدگی پیدا کیے جانے کے خلاف ہیں۔