Feb ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • دفاعی طاقت میں اضافے کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ دشمن کے مقابلے میں ملک کی دفاعی طاقت میں اضافے کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

ایران کے اسلامی انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک پیغام میں جنرل محمد باقری نے ایران کی مسلح افواج کو انقلاب اسلامی اور وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کا طاقتور اور توانا بازو قرار دیا۔
جنرل باقری کے پیغام میں آیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج دشمنوں کو ایک لمحے کے لیے بھی ملک میں پائے جانے والے بے مثال امن اور پائیدار سلامتی پر شب خون مارنے کی ہرگز اجاز نہیں دیں گی۔
 
بیان کے مطابق ایران کی مسلح افواج اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم رہبر حضرت امام خمینی رہ اور شہدائے انقلاب کی یاد اور امنگوں کی پاسداری کا عہد دوہراتے ہوئے، انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر اپنے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید بیعت کرتی ہیں۔
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے ایران کے اسلامی انقلاب کی اکتالیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جدید ترین اسلحے سے لیس درجنوں اوورہال شدہ ہیلی کاپٹر بری فوج کے ایئر ونگ کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اپنی توانائیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اوورہالنگ اور فاضل پرزہ جات کی تیاری میں پوری طرح خود کفیل ہوگئی ہے۔

ٹیگس