Feb ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کا تاریخی جشن

اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری اور ٹھنڈک کے باوجود کروڑوں کی تعداد میں ایرانی عوام نے جشن انقلاب میں شرکت کرکے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی اکتالیسویں سالگرہ کا یادگار جشن منایا -

بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری دو ہزار بیس ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی اکتالیسویں سالگرہ کا دن ہے -

اس مناسبت سے منگل کو پورے ایران میں نکالی گئی جشن انقلاب کی عظیم الشان ریلیوں میں کروڑوں لوگوں نے شرکت کی اور انقلابی اقدار کے ساتھ ہی سردار محاذ استقامت اور سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تحریک استقامت بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا -

اسلامی جمہوریہ ایران کے گوشہ و کنار میں نکالی گئی ریلیوں میں بچے بوڑھے جوان و مرد وخواتین ہرسن وسال کے لوگ شریک تھے جو اپنے ہاتھوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم ، اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ ، رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور شہدائے استقامت خاص طور پر سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے۔

تہران میں جشن انقلاب کی ریلیوں کے دوران جدید ترین دفاعی ساز وسامان منجملہ صحیح نشانے پر مار کرنے والے میزائل اور اسمارٹ بموں کی نمائش بھی کی گئی۔جشن انقلاب کی ریلیوں میں کروڑوں کی تعداد میں لوگ اللہ اکبر ، امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے جبکہ ہرطرف انقلابی ترانوں کی گونج بھی سنائی دے رہی تھی -

ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی عظیم الشان ریلیوں کو کوریج دینے کے لئے چھے ہزار ملکی اور غیر ملکی نامہ نگار بھی موجود تھے -

جشن انقلاب کی ریلیوں کے آخر میں شرکا نے ایک قرارداد پاس کرکے امریکا کی سرکردگی میں عالمی سامراج کی سازشوں کے مقابلے میں ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیا -

ریلیوں کے شرکا نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اورعراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید جنرل ابو مہدی المہندس کے خون کا بدلہ لینے کے عزم کا اعلان بھی کیا -

ریلیوں کے شرکا نے اعلان کیا کہ مغربی ایشیا سے امریکا کے مکمل انخلا اور صیہونی حکومت کی نابودی تک اپنی استقامت جاری رکھیں گے-

ریلیوں کے شرکا نے سینچری ڈیل سازشی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ شیطانی منصوبہ مسلمانوں اور حریت پسندوں کی استقامت و پامردی کے ذریعے تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا -

جشن انقلاب کی ریلیوں کے شرکا نے ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو دنیا کا مثالی جمہوری نظام قرار دیا اور کہا کہ آنے والا پارلیمانی الیکشن اسلامی جمہوری نظام کے دوام پر مہر تائید ثابت ہوگا۔

ٹیگس