جشن آزادی کی ریلیوں میں بھر پور شرکت کرنے پر ایرانی عوام کی قدردانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اپنے ایک پیغام میں آج جشن آزادی کی ریلیوں میں بھر پور شرکت کرنے پر ایرانی عوام کی قدردانی کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ہوشیار اورآگاہ عوام کے نام ایران کے صدر حسن روحانی کے پیغام میں آیا ہے کہ ایرانی عوام نے آج یوم اللہ 22 بھمن یعنی جشن آزادی کی ریلیوں میں بھر پور شرکت کر کے ایک بار پھر دنیا کے سامنے اپنے اتحاد و یکجہتی اور قومی وحدت کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس بار جشن آزادی، قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کے چہلم کے ساتھ ہی ہوا جو عوام کے مزید جوش و جذبے کا باعث بنا اور عوام نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ اس دن کو شاندار طریقے سے منایا اور ایک بار پھر اسلامی جمہوری نظام سے اپنی وفاداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اس راستے کو جاری و ساری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری دو ہزار بیس ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی اکتالیسویں سالگرہ کا دن ہے -
اسلامی جمہوریہ ایران کے گوشہ و کنار میں نکالی گئی ریلیوں میں بچے بوڑھے جوان، مرد وخواتین اور ہرعمر کے لوگ شریک تھے جو اپنے ہاتھوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم ، اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ ، رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور شہدائے استقامت خاص طور پر سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے۔