Apr ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کورونا وائرس کے خلاف مہم میں تیز گام

ایران میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں تیز رفتار اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر کیانوش جہانپور نے اتوار کو کورونا کے بارے میں اپنی روزآنہ کی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید ایک سو سترہ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اس بیماری سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد چار ہزار چار سو چوہتر ہوگئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اتوار کی دو پہر تک کورونا کے ایک ہزار چھے سو ستاون نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد اکہتر ہزار چھے سو چھیاسی ہوگئی ہے ۔انھوں نے بتایا کہ خوش آیند بات یہ ہے کہ ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کا تناسب مسلسل بڑھ رہا ہے ۔

ڈاکٹر کیا نوش جہانپور نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چھے ہزار چار سو بیاسی افراد کورونا سے صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے رخصت ہوکے اپنے گھر گئے جس کے بعد کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہزار آٹھ سو چورانوے ہوگئی ہے۔

ایران میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں کمی اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ایسے عالم میں ہو رہا ہے جب ایران کو کورونا کے خلاف بھرپور مہم کے ساتھ ساتھ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔دنیا میں کورونا وائرس کے تباہ کن پھیلاؤ اور اس کے ہمہ گیر مقابلے کی ضرورت کے باوجود امریکہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کے تحت تہران کے خلاف پابندیاں جاری رکھنے پر مصر ہے اور اس نے بیرونی ممالک میں ایران کےاثاثے غیر قانونی طور پر منجمد کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے میڈیکل آلات اور دواؤں کی ترسیل بھی تقریبا ناممکن ہوگئی ہے۔

البتہ ایران نے کورونا وائرس کا ملک میں انکشاف ہونے کے فورا بعد اپنی اندورنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کردیا تھا جس میں علاج و معالجے اور تشخیص کے جدید ترین آلات، مشینوں اور دواؤں کی تیاری کا کام بھی شامل تھا اور آج ایران، امریکہ کی تمامتر ظالمانہ پابندیوں کے باوجود کورونا وائرس کی تشخیص کرنے اور اس وائرس کے مقابلے میں جسم کے دفاعی نظام کے ری ایکشن کا پتہ لگانے والی مختلف کٹس اور مشینوں کی تیاری میں کامیاب ہو گیا ہے۔

ایران کے نائب صدر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سورنا ستاری نے سیرولوجی کٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے لازمی آلات میں خودکفیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں روزانہ چالیس جدید ترین وینٹی لیٹر مشینیں تیار کی جارہی ہیں جبکہ دنیا کے بہت سے ممالک کو اس کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مسٹر ستاری نے بتایا کہ ہمارے ملک کے نوجوان سائنسداں ملکی ضرورت کی اٹھانوے فی صد دوائیں خود تیار کر رہے ہیں جن میں چوبیس قسم کی بایوٹک میڈیسن بھی شامل ہیں۔

درایں اثنا صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے گزشتہ روز وزارت صحت اور سائنس و ٹیکنالوجی سیکریٹریٹ کو کورونا ویکیسن کی تیاری کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا تھا کہ نوجواں سائنسدانوں کی علمی صلاحیتوں اور کاوشوں کو دیکھتے ہوئے کورونا ویکسین کی اندرون ملک تیاری دشوار نہیں ہو گی۔

قابل ذکر ہے کہ اس وقت ایران میں کورونا وائرس کی مختلف دواؤں اور طریقہ ہائے علاج کے درجنوں کلینکل ٹیسٹ انجام دیے جا رہے ہیں۔

ٹیگس