Apr ۲۶, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران, کورونا بدستور زوال پذیر, انہتر ہزار صحتیاب

ایران میں کورونا وائرس بدستور زوال پذیر ہے اور صحتیاب ہونے والوں کے تناسب میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے اتوار کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ اب تک کورونا میں مبتلا ہونے والے انہتر ہزار چھے سو ستاون مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار ایک سو ترپن نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس کے حتمی مریضوں کی تعداد نوے ہزار ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر جہانپور کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید  ساٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد پانچ ہزار سات سو دس ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایک سو چھبیس لیبارٹریوں میں اب تک کورونا کے چار لاکھ اکیس ہزار تین سو تیرہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ 
قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تیس  لاکھ ہو گئی ہے جن میں سے  تقریبا دو لاکھ افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ  آٹھ لاکھ  سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ 

ٹیگس