ایران، کورونا کے اسّی فیصد مریض صحتیاب
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اب تک کورونا کے اناسی ہزار تین سو ستانوے مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جو مجموعی تعداد کا اسی فیصد ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے پیر کو اپنی پریس بریفنگ میں کورونا کے سلسلہ میں تازہ ترین اعداد و شمار سے مطلع کیا۔ کیانوش جہانپور کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں ایک ہزار دو سو تیئیس نئے مریضوں کا پتہ چلا ہے جبکہ ملک میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد اٹھانوے ہزار چھے سو سینتالیس تک پہنچ گئی ہے ۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے چوہتر مریضوں کی موت واقع ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد چھے ہزار دو سو ستتر ہے۔
دنیا میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد پینتیس لاکھ بیاسی ہزار ہو چکی ہے جن میں سے دو لاکھ اڑتالیس ہزار اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور تقریبا دس لاکھ ایک سو ساٹھ سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔