امریکہ کے ساتھ اقتصادی جنگ میں ایران کامیاب رہا: صدر روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تیل کی آمدنی پر انحصار کم کر کے ملک کے معاشی نظام کو بہتربنانا اقتصادی جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا بہترین مظاہرہ ہے۔
صدر مملکت نے منگل کے روز حکومت کی اقتصادی ہم آہنگی کی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ امریکی حکام سمجھ رہے تھے کہ پابندیاں شروع ہوتے ہی ایران کی اقتصادی ترقی کا پہیہ جام ہو جائے گا مگر آج ملکی امور غیر پٹرولیئم معیشت کی بنیاد پر انجام پا رہے ہیں اور یہ اقدام اقتصادی جنگ میں ایران کے استحکام اور طاقت کے مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایرانی عوام کی کامیابی کی بھی دلیل ہے۔
انہوں نے اسی طرح کورونا کے سبب دنیا میں پیش آنے والے معیشتی مسائل کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سخت حالات میں بھی ایران روز مرہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں بعض ترقی یافتہ ملکوں سے آگے رہا ہے اور حکومت نے ضروری تدابیر اور مکمل تیاری کے ساتھ عوام کے تعاون سے سخت ترین مرحلہ بھی عبور کر لیا ہے۔