دفاعی میدان میں خود کفیل ہیں، وزیر دفاع
ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ تہران دفاعی میدان میں بیرونی تعاون کے بغیر ہی خودکفیل ہوچکا ہے۔
مشہد مقدس میں عسکری اور شہری مواصلاتی تار تیار کرنے والے کارخانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع جنرل حاتمی کا کہنا تھا کہ یہ کارخانہ ملکی خودکفالت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارخانے کے افتتاح کے بعد دفاعی، بحری، فضائی اور میزائل کی صنعتوں کی ضروریات پوری ہوں گی اور بیرون ملک سے وابستگی ختم ہوجائے گی۔
ایران کے وزیر دفاع نے سائنسی، صنعتی اور پیداواری شعبوں میں ملکی ترقی اور پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران اندرونی وسائل اور توانائیوں سے کام لیتے ہوئے خود کفالت کی آخری کڑیوں کو مکمل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کارخانے میں تیار کیے جانے والے مواصلاتی تار یورپی معیار کے مطابق ہیں جبکہ دنیا بھر میں موجود ایسے کیبلوں کے مقابلے میں ان کا معیار کہیں زیادہ بلند ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مشہد کیبلز کے تیارہ کردہ مواصلاتی تار تیز رفتار کشتیوں، جنگی بحری جہازوں، ڈرون طیاروں، میزائل ڈیفینس سسٹموں، ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹروں نیز خلائی جہازوں اور راکٹوں میں استعمال ہوتے ہیں۔