کورونا وائرس کے مقابلے میں حکومت ایران کی نئی تدابیر
ایران کی انسداد کورونا کمیٹی نے تہران میں حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی نہ کرنے والے کچھ شعبوں کے لئے جرمانے مقرر کر دئے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کی انسداد کورونا کمیٹی کے اجلاس میں دنیا میں کورونا وائرس کی نئی لہر اٹھنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر حفظان صحت کے اصولوں پر توجہ نہ دیئے جانے کا نتیجہ ہے۔
انھوں نے خاص طور سے دارالحکومت تہران میں حفظان صحت کے اصولوں کی سخت پابندی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجباری قرنطینہ سے باہر نکلنے، ماسک کا استعمال نہ کرنے اور حفظان صحت کے اصول و ضوابط کی پابندی نہ کئے جانے پر نقد جرمانہ عائد ہو گا۔
صدر مملکت نے محکمہ پولیس، عوامی رضاکار فورس بسیج اور وزارت صحت کے نگراں اہلکاروں نیز معائنہ کاروں کو پبلیک ٹرانسپورٹ میں حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی کروانے کی ذمہ داری سونپی اور کہا کہ دفتروں اور اداروں میں بھی سیکورٹی کے شعبوں کے اہلکاروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کارکنوں اور کسی کو بھی ماسک کے بغیر اداروں میں داخل نہ ہونے دیں اور اس کی خلاف ورزی پائے جانے کی صورت میں اس ادارے کے سیکورٹی کے شعبے اور اس کے انچارج پر جرمانہ لگایا جائے گا۔