پیغمبر اکرم (ص) کی اہانت پر فرانسیسی ناظم الامور ایران کی وزارت خارجہ میں طلب
فرانس کے حکام کی پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف توہین آمیز کارٹون کی اشاعت کی حمایت کے پیش نظر ایران کی وزارت خارجہ نے فرانسیسی ناظم الامور کو طلب کرلیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے فرانسیسی حکام کی جانب سے پیغمبر اسلام (ص) کے خلاف توہین آمیز کارٹونوں کی اشاعت کی حمایت پرفرانسیسی ناظم الامور فلوران ایڈالو کو طلب کرلیا۔ اس موقع پرایرانی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی امور نے یورپ میں دنیا کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے فرانسیسی حکام کے ناقابل قبول اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی شخص یا عہدیدار کے ذریعہ اللہ کے آخری پیغمبر حضرت محمد (ص) اور دیگر اسلامی مقدسات کی توہین کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آزادئ اظہار رائے کو اسلاموفوبیا کو ہوا دینے اور پوری دنیا میں نفرت پھیلانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ فرانسیسی حکام کے اسلام کے نام پر تشدد کا سہارا لینے والے انتہا پسندانہ اقدامات پر غیر معقول ردعمل صرف اس الہی مذہب کے ساتھ منحرف اور متضاد رجحانات کی نشوونما کی راہ فراہم کرتا ہے جو ہمیشہ رواداری، امن و آشتی، انصاف اور صلح و بردباری کا درس دیتا ہے۔
فرانسیسی ناظم الامور نے اس موقع پر کہا کہ ایرانی محکمہ خارجہ کا احتجاج جلد ہی جلد ان کی حکومت تک پہنچا دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو نے کئی بار پیغمبر اکرم (ص) کے خلاف توہین آمیز کارٹون شائع کیے اور فرانسیسی حکومت اور صدر امانوئل میکرون نے اسلام اور مسلمانوں پر پروپیگنڈا حملوں کو کم کرنے کے اقدامات کرنے کے بجائے اسلامی مقدسات کی توہین کو آزادئ اظہار رائے کا ایک اقدام قرار دیا۔