Dec ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۳:۳۰ Asia/Tehran
  • آئي اے ای اے غیر ضروری معلومات عام کرنے سے پرہیز کرے: ایران

ویانا میں عالمی تنظیموں میں ایران کے نمائندے نے ایٹمی توانائي کی عالمی ایجنسی کی جانب سے اپنے ملک کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں غیر ضروری تفصیلی معلومات جاری کیے جانے سے پرہیز کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

کاظم غریب آبادی نے آئي اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے نام ایک مراسلے میں ایران کے ممتاز ایٹمی اور دفاعی سائنسداں شہید ڈاکٹر محسن فخری زادہ کے قتل کی غیر مشروط اور شفاف مذمت کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں صیہونی حکومت کے ملوث ہونے کے ٹھوس اور واضح شواہد موجود ہیں۔ کاظم غریب آبادی نے زور دے کر کہا ہے کہ آئي اے ای اے اور اس کے رکن ملکوں پر ایران کے سلسلے میں فوری اور بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جو اپنی ایٹمی تنصیبات کے سب سے زیادہ معائنے کی اجازت دیتا ہے لیکن دوسری طرف اس کے سائنسداں یا تو خطرے میں ہیں یا انہیں قتل کر دیا جاتا ہے اور اسی طرح ایران کی ایٹمی تنصیبات کو بھی خطرات لاحق  ہیں اور ان میں تخریبی کارروائي کی کوشش کی جاتی ہے۔

ویانا میں عالمی تنظیموں میں ایران کے نمائندے کے اس خط میں کہا گيا ہے کہ ڈاکٹر فخری زادہ کا قتل، ان دہشت گردانہ کارروائيوں کی ہی ایک کڑی ہے جو ایک عشرے قبل شروع ہوئي تھی اور جس کے تحت ایران کے کئي ایٹمی سائنسداوں کو قتل کیا گيا جس پر عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

کاظم غریب آبادی نے اپنے خط میں زور دے کر کہا ہے کہ آئي اے ای اے کو ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق معلومات کو عام کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

ٹیگس