آج ہمیں ایک مسلط کردہ اقتصادی جنگ کا سامنا ہے: صدر ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ آج ہم ایک مسلط کردہ اقتصادی جنگ سے روبرو ہیں اور ہمیں ملت ایران کی بیالیس سال کی استقامت، صبر، پامردی اور ملک کی تعمیر و دفاع کے لئے اس کا شکرگزار ہونا چاہئے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو وزارت زراعت کے قومی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان برسوں بالخصوص گزشتہ تین برسوں کے دوران تاریخ کی ایک بے نظیر اقتصادی جنگ میں ایران کے عوام کے صبر و استقامت کی قدر کرنا چاہئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شاید اس طرح کی اقتصادی جنگ کی کوئی مثال نہ ہو اور اگر ہوگی بھی تو بہت کم ہوگی کہ جس میں حالیہ برسوں اور صدیوں کے دوران اس طرح کسی ملک اور قوم کو دباؤ اور سختیوں میں مبتلا کیا گیا ہو۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہماری قوم نے حالیہ تین برسوں میں استقامت و پائداری کا مظاہرہ کیا اور گزشتہ دس مہینوں میں تمام تر مشکلات کے باوجود اٹھارہ ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی غیر پیٹرولیئم منصوعات برآمد کیں۔ صدر ایران نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وزارت زراعت کے تین بڑے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔