Mar ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملادیا ہے، وزیردفاع

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے دشمن کی تمام سازشوں اور منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز اوورہال شدہ طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور جیٹ انجن فضائیہ کے حوالے کیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے اوورہال شدہ طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور جیٹ انجن فضائیہ کے حوالے کیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے ملکی  توانائیوں اور صلاحیتوں پر بھروسے، دفاعی اور سیکورٹی آلات کی تعمیرو مرمت اور ان کی جدید کاری، نیز مختلف طرح کے ہتھیار بنانے کی ٹیکنالوجیی  خود ایجاد کرکے دشمن کی سازشوں اور منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے ایران کی وزارت دفاع کے ماہرین کی جانب سے اوور ہال شدہ اور ری ڈیزائن کیے جانے والے جیٹ انجنوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ٹربو جیٹ، ٹربو فین  اور ٹربو شافٹ قسم کے یہ انجن بری بحری اور فضائی  افواج کے زیر استعمال لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ٹرانسپورٹ طیاروں میں نصب کیے جائیں گے۔

ایران کے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ملکی ماہرین کے ذریعے ہلکے، نیم بھاری اور بھاری دفاعی سازمان کی ری ڈیزائننگ اور ساخت کا کام، مسلح افواج کی طاقت میں اضافے کا  کم خرچ  اور قابل اطمینان راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی حکمت عملی میں ملکی ماہرین اور وسائل سے استفادہ کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

دوسری جانب ایرانی فضائیہ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادے نے بھی کہا ہے کہ ملک کی دفاع کے حوالے سے ہم ایکٹیو ریزسٹینس یا فعال استقامت کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔

اوور ہال شدہ لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ٹرانسپورٹ طیاروں کی فضائیہ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی فضائیہ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادے کا کہنا تھا کہ  ہماری ایئر ڈیفنیس کی صنعت خودکفیل   اور  ترقی اور جدت طرازی کی سمت گامزن  ہے اور فضائی آپریشنز کے حوالے سے اس پر مکمل بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔

ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ملک کی دفاعی اسٹریٹیجی فعال استقامت پر استوار ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ہم جارحیت کے مقابلے میں دبنے والے نہیں ہیں بلکہ آگے بڑھتے رہیں گے  اور ہماری دفاعی صنعتوں کی سرگرمیوں میں  اس اسٹریٹیجی کا بخوبی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے-

 

ٹیگس