امریکہ کی نئی حکومت کو غیر مشروط طور پر ایٹمی معاہدے میں واپس لوٹنا ہو گا، حکومت ایران کے ترجمان
حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی نے کہا ہے کہ امریکہ کی نئی حکومت کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ بین الاقوامی ایٹمی معاہدے میں غیر مشروط طور پر واپس لوٹ آئے اور سفارتکاری کا راستہ مزید دشوار نہ بنائے۔
علی ربیعی نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایٹمی معاہدہ حالیہ عشروں کا سب سے بڑے سیاسی اتفاق رائے کا نمونہ ہے اور کئی ممالک نیک نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معاہدے میں جان پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ جلد ہی بحال ہو جائے گا اس لئے کہ یہی معاہدہ، دنیا میں امن و صلح اور تمام ممالک کے مفادات کا ضامن ہے۔
علی ربیعی نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ پاس کردہ ایک بین الاقوامی قانون ہے اور امریکہ کو اس قانون کو تسلیم کرنا ہی ہو گا۔
حکومت ایران کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ چار برسوں کے دوران ہم نے سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھا ہے تاہم امریکہ خود ہی خودسرانہ طور پر ایٹمی معاہدے سے باہر نکلا ہے اور اسے خود ہی اس بین الاقوامی معاہدے میں واپس لوٹنا ہو گا۔