Aug ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کا مشترکہ اعلان: ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اخوت و برادری پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستانی قوم، وزیراعظم اور تمام متعلقہ اداروں کی پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علمائے کرام اور سیاسی قیادت کے ساتھ گفتگو نہایت مفید اور تعمیری رہی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ ملا ۔

Image Caption

 

ایران کے صدرنے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران، فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے پاکستان کی آواز اور عملی حمایت کو دل سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں امت مسلمہ کو غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ موقف اپنانا سب سے بڑی ضرورت بن چکا ہے۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور اس کی غزہ، لبنان اور شام میں جاری جارحیت اسی مذموم عزائم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور بالخصوص سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کا فوری اور موثر نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا کو امن درکار ہے تو مسلمان ممالک کو متحد ہو کر ایک مشترکہ موقف اپنانا ہوگا۔ علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور ہم سب کو مل کر اس راستے پر چلنا ہوگا۔

Image Caption

 

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس  میں کہا کہ ایران ہمارا انتہائی برادر اور دوست ملک ہے اور ایران کے ساتھ ہر قدم پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ایران کی سوچ ایک ہے، اور خطے میں امن و ترقی کے لیے دونوں ملکوں کا وژن یکساں ہے۔

شہباز شریف نے اسرائیل کی غزہ میں جاری بربریت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ہر لمحہ معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام ہو رہا ہے، اسرائیل خوراک کو بھی فلسطینیوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ مہذب دنیا کو اب بھرپور آواز اٹھانی چاہیے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے اوردنیا کو غزہ میں امن کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

پریس کانفرنس سے قبل دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف وزرا اور اعلیٰ حکام کے مابین 10 سے زائد یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔

ٹیگس