زیادہ سے زیادہ دباؤ اور دھمکیوں کا کوئي نتیجہ نہیں نکلا: صدر روحانی
صدر روحانی نے زور دے کر کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے زیادہ سے زیادہ دباؤ اور دھمکیوں کا کوئي نتیجہ نہیں نکلا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز رواں ہجری شمسی سال میں ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کی آخری نشست میں کہا کہ جنھوں نے پابندیاں لگائي ہیں وہ آج خود اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ اور دھمکیوں کا کوئي نتیجہ نہیں نکلا اور یہ ایک غلط کام ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی استقامت اور قائد انقلاب اسلامی کی رہنمائيوں سے ہم نے ان سخت ایام کو پیچھے چھوڑ دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایران پر پابندیاں لگانے والے اور اس کا محاصرہ کرنے والے آج اپنی شکست کا اعتراف کرنے کے علاوہ، معاشی جنگ سے پہلے کے حالات کی جانب واپسی کو مشکلات سے باہر نکلنے کا راستہ بتا رہے ہیں۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ ایران نے دشمن کی توقع کے برخلاف نہ صرف یہ کہ سختیوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے بلکہ ملک کی پیشرفت کے راستے کو بھی آگے بڑھایا۔