ایرانی کورونا ویکسین کووپارس کی پیداوار جلد شروع ہوگی
ایرانی ماہرین کی تیار کردہ کورونا ویکسین کوو پارس کی، پیداوار جلد شروع کردی جائے گی۔
یہ بات کوو پارس تیار کرنے والی ایرانی کمپنی رازی ویکسین اینڈ سیرم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حسین فلاح نے نیوز ایجنسی اسنا کو اپنے ایک انٹرویو میں بتائی۔
انہوں نے کووپارس کی انسانی آزمائش کے نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال اگست تک، اس ویکسین کے پیداواری یونٹ کا افتتاح کردیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاحال اس ویکسین کے جانبی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں اور ویکسین لگوانے والے سب ہی لوگ جسمانی طور پر پوری طرح سلامت ہیں۔
راز ویکسین اینڈ سیرم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق کوو پارس ویکسین انسانی آزمائش یا کلینکل ٹرائل کے دوسرے فیز میں ہے جس میں پانچ سو رضاکاروں کو یہ ٹیکہ لگایا جارہا ہے۔
محمد حسین فلاح نے مزید بتایا کہ رازی انسٹی ٹیوٹ کی تیار کردہ کوو پارس کورونا ویکسین تین خوراکوں پر مشتمل ہے، اور اس کی پہلی دو خوراکیں انجیکٹ جبکہ تیسری خوراک انہیل کی جائے گی۔