فلسطینیوں کے حقوق کی سربلندی عالمی ذمہ داری ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i386289-فلسطینیوں_کے_حقوق_کی_سربلندی_عالمی_ذمہ_داری_ہے_ترجمان_ایرانی_وزارت_خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطینیوں کے حقوق کی سربلندی کو ایک عالمی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بہادرفلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے حقوق کی سربلندی عالمی ذمہ داری ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطینیوں کے حقوق کی سربلندی کو ایک عالمی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بہادرفلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

تہران میں دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ سے قبل، عربی زبان میں پڑھ کر سنائے جانے والے ایک بیان میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ ہم  فلسطین اور غزہ کے مظلوم شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے تازہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ جس کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت درجنوں بے گناہ عام شہری شہید ہو چکے ہیں۔

  بیان میں کہا گیا ہے کہ رہائشی عمارتوں اور مکانات کو بمباری کرکے تباہ کرنا انسانی حقوق اور عالمی قوانین  کی کھلی خلاف ورزی ہے اور  اس کی کوئی بھی توجیہ قابل قبول نہیں ہے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں دنیا بھر کی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جارح کے مقابلے میں اپنی  ناقابل توجیہ غیر جانبداری کا سلسلہ ترک کردیں۔

سعید خطیب زادے کی جانب سے عربی زبان میں پڑھ کر سنائے جانے والے بیان میں آیا ہے کہ ہم دنیا بھر کی اقوام، مسلم تنظیموں اور اداروں نیز اسلامی ملکوں کو خاص طور سے اسلامی تعاون تنظیم کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ متحدہ ہوکر، صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات کے مقابلے میں فلسطین کے مظلوم اور نہتھے عوام کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے اقدامات، انسانیت کے خلاف جرم ہیں، انہیں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا جانا چاہیے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے، جعلی اسرائیلی حکومت پر جارحانہ اور دہشت گردانہ اقدامات کے فوری خاتمے کے لیے دباؤ ڈالیں اور غاصب و جارح صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کو، فلسطینی عوام کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہ دیں۔

سعید خطیب زادے نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مسئلہ فلسطین کے حل کا واحد منصفانہ راستہ یہ ہے کہ، اس سرزمین کے اصلی،  مسلمان، یہودی اور عیسائی باشندوں کو ایک ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کے تعین کا موقع فراہم کیا جائے۔

درایں اثنا تہران کے آزادی ٹاور نے مظلوم فلسطینیوں خاص طور سے غزہ کے مکینوں سے ہمدردی کے اظہار کے لیے فلسطین کے پرچم کا رنگ دھار لیا ہے۔ 

 

ویڈیو میپنگ کے ذریعے تہران کے آزادی ٹاور میں فلسطینیوں کی حمایت اور صہیونی حکومت کے حملوں کی مذمت میں تحریری نعرے بھی چلائے جا رہے ہیں۔