وزیر صحت آئندہ ہفتے خود ٹیکہ لگوا کر ٹیکہ کاری مہم کے نئے مرحلے کا آغاز کریں گے
ایران کے وزیر صحت نے اعلان کیا ہے کہ پورے ملک میں آئندہ ہفتے سے قومی سطح پر تیار شدہ کورونا ویکسین کی ٹیکہ کاری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طبی اصولوں کی پابندی کے لئے ملک بھر میں ویکسینیشن کا یہ عمل رضاکارانہ طور پر شروع کیا جائے گا اور پہلے ہی مرحلے میں وہ خود اور ان کے دفتر کے عملے کے افراد رضاکارانہ طور پر کرونا کا ایرانی ویکسین لگوائیں گے۔
سعید نمکی نے کہا کہ یہ ویکسین ایران اور کیوبا کا مشترکہ طور پر تیار کردہ دنیا کا ایک اہم ترین کورونا ویکسین ہے جس کی پیداوار شروع ہو چکی ہے اور اس ویکسین کے بعد ایران برکت ویکسین ہے۔
دوسری جانب فرمان امام خمینی فلاحی ادارے کے رابطہ دفتر کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ جون کے مہینے سے کورونا کی روک تھام کے لئے ایرانی ویکسین ’’کوو ایران برکت‘‘ کے انسانی ٹرائل کا تیسرا اور آخری مرحلہ بیس ہزار افراد پر انجام پائے گا اور ساتھ ہی پانچ کروڑ کی تعداد میں ڈوز تیار کئے جائیں گے۔
حجت نیک ملکی نے اعلان کیا ہے کہ بیس ہزار افراد نے رضاکارانہ طور پر ویکسین کے تیسرے انسانی ٹیسٹ کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کوو ایران برکت‘‘ کی انسانی آزمائش کا تیسرا مرحلہ ماہ جون کی ابتداء سے ہی مختلف شہروں میں شروع کر دیا جائے گا جو دس دن میں مکمل ہوگا۔
ایرانی ماہرین کی تیار کردہ کورونا ویکسین، کوو ایران برکت کے انسانی تجربے کا پہلا مرحلہ انتیس دسمبر دو ہزار بیس کو شروع ہوا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ عالمی برادری نے مختلف قسم کی کورونا ویکسین تیار کرنے میں ایرانی ماہرین کی کامیابی کو سراہا ہے۔