ایران میں داخل ہونے والے افغان سرکاری اہلکاروں کو کابل بھیج دیا گیا
افغانستان کی حالیہ بدامنی کے بعد ایران میں داخل ہونے والے افغان سیکورٹی اور کسٹم اہلکاروں کو کابل بھیج دیا گیا ہے۔
ایران کے محکمہ پولیس کے ترجمان مہدی حاجیان نے بتایا ہے کہ افغانستان کی حالیہ بدامنی کے نتیجے میں متعدد افغان سیکورٹی اور کسٹم اہلکار اپنی جان بچانے کے لیے ایران میں داخل ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو اسلامی تعلیمات، اچھی ہمسائیگی کے اصولوں اور عالمی قوانین کے تحت پورے احترام کے ساتھ ملک میں داخلے کی اجازت دی گئی۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت افغانستان کی باضابطہ درخواست پر ، ایران میں داخل ہونے والے افغان اہلکاروں کو خصوصی طیارے کے ذریعے کابل روانہ کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری مشرقی سرحدیں پوری طرح محفوظ ہیں اور ہماری مسلح افواج نے ہر قسم کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی ہے۔
دوسری جانب صوبہ خراسان جنوبی میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے سینیئر کمانڈر جنرل محمود محمودی نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے حالات کے مدنظر ملکی سرحدوں کے علاقے پوری طرح پرسکون ہیں اور عوام اور سرحدی علاقوں کے لئے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ بریگیڈیئر محمود محمودی نے کہا کہ ابھی قانونی اور اصلی حکمرانی افغان حکومت کی ہے اور ایران کے لئے جو افغانستان کا ایک پڑوسی ملک ہے، اس ملک کی قانونی حکومت اہم ہے۔ ایرانی کمانڈر محمودی کا کہنا ہے کہ ایرانی سرحدوں کی سیکورٹی پروگرام میں نہ صرف یہ کہ کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے بلکہ حالات بہتر ہوئے ہیں اور ملک کی تمام سرحدوں کی حفاظت کی جا رہی ہے۔