ایران کیوبا مشترکہ ویکسین خطرناک کورونا ویرینٹ کے مقابلے میں موثر
پاسچر انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کیوبا مشترکہ ویکسین کورونا کے مختلف ویرینٹ کا بیک وقت مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق پاسچر انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ علی رضا بیگلری نے بتایا ہے کہ ایران کیوبا مشترکہ ویکسین دنیا کی وہ واحد ویکسین ہے جو بیک وقت کورونا کے متعدد ویرینٹ کے خلاف موثر واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین اس وقت ایران اور کیوبا دونوں ملکوں میں آزمائش کے مراحل طے کر رہی ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔
پاسچر انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے مزید کہا کہ اب تک کے نتائج کے مطابق یہ ویکسین کیوبا میں پائے جانے والی کورونا کی بدترین اقسام کے خلاف اکیانوے فی صد سے زیادہ موثر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین اٹھارہ سال سے کمر عمر کے لوگوں کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔
علی رضا بیگلری نے کہا کہ کورونا کی مختلف اقسام کے مقابلے میں موثر کارکردگی کے پیش نظر اس ویکسین کی عالمی طلب میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔