شام کے پارلیمانی وفد کی صدر ڈآکٹر ابراہیم رئیسی سے ملاقات
دوست اور برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ موجود نہیں ہے: صدر ابراہیم رئيسی
ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ شام کے مجاہدت کرنے والے عوام اور انقلابی حکومت نے صہیونی اور مغربی دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا اور فتح حاصل کی۔
صدر مملکت "سید ابراہیم رئیسی" نے بدھ کے روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے شامی پارلیمنٹ کے اسپیکر "حمودہ صباغ" سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تہران اور دمشق کے درمیان سیاسی اور معاشی تعلقات کی توسیع، دونوں ممالک کے مفادات میں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم اس راستے کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں دوست اور برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ موجود نہیں ہے۔
صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے شام کی تعمیر نو کی منصوبہ بندی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر غیر ملکی افواج کو بھی جلد از جلد شام سے نکلنا ہوگا تا کہ شامی عوام بھرپور طریقے سے اپنے ملک کی تعمیر کے عمل کو شروع کریں۔
انہوں نے دشتگردوں کیخلاف مزاحمتی فرنٹ کے شہدا بالخصوص جنرل سلیمانی کی قربانیوں کو سراہا، اس موقع پر حمودہ صباغ نے کہا کہ شامی حکومت اور عوام ہرگز ایرانی عوام کی حمایتوں کو نہیں بھولیں گے اور جنرل سلیمانی کی یاد ہمارے عوام کے دلوں میں ہمیشہ باقی رہے گی۔