Aug ۰۷, ۲۰۲۱ ۲۰:۵۸ Asia/Tehran
  • صدر ایران کی ہدایات

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے انسداد کورونا کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ہفتے کو انسداد کورونا کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عہدیداروں کا کام صرف ہدایات جاری کرنا نہیں ہے بلکہ فیصلوں پر عملدرآمد کی مناسب ضمانت فراہم کرنا بھی ہے۔

صدر ایران نے کورونا کے مقابلے کے لیے عوامی اداروں اور تنظیموں کو فعال بنانے کی غرض مناسب میکنیزم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب ایران کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید تین سو اٹھہتر افراد کورونا کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران چھبیس ہزار چار سو انتالیس افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد اکتالیس لاکھ انیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے مطابق اب تک پینتیس لاکھ پندرہ ہزار سے زائد افراد کورونا سے شفایاب بھی ہوئے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے رخصت کردیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک ایک کروڑ اکیس لاکھ پچیس ہزار سے زائد افراد کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز جبکہ اسی لاکھ کے قریب افراد کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز حاصل کرچکے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر کورونا ویکسین کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد ڈوز لگائی جاچکی ہیں۔

 

 

ٹیگس