ایرانی بحریہ کا ایک اور کارنامہ
ایرانی بحریہ کے ماہرین نے فجر ستائیس نامی بوٹ شکن مثالی بحری توپ تیار کی ہے۔
چھہتر ملی میٹر پر مشتمل فجر ستائیس نامی یہ توپ مکمل طور پر فل ایٹومیٹک ہے جو اوٹو میلارا نامی اٹالین توپوں سے کافی مشابہ ہے اور ایرانی بحریہ کے ماہرین نے چھے سالہ کوششوں کے نتیجے میں یہ توپ تیار کی ہے۔
جدید قسم کی بحری توپ بنانے کی ٹیکنالوجی اب تک امریکہ اور اٹلی کے پاس رہی ہے جبکہ ایرانی دفاعی ماہرین نے اس قسم کی مثالی توپ تیار کر کے ان دونوں ملکوں پر انحصار ختم کر دیا۔
ایران کی بحریہ نے یہ توپ جوشن میزائل لانچر بوٹ پر نصب کی ہے جس کا ایران کی مسلح افواج کی کمان کی جانب سے معائنہ بھی کیا گیا۔
ایران کی بحریہ کے ماہرین نے یہ کارنامہ ایسی حالت میں انجام دیا ہے کہ ایران کے خلاف ہر قسم کی سخت ترین پابندیاں جاری ہیں اور ان پابندیوں کے ذریعے مختلف شعبوں خاص طور سے دفاعی شعبوں میں ایران کی ترقی و پیشرفت روکنے کی بھرپور کوشش کی جاتی رہی ہے۔