ایرانی وزیرخارجہ کی فن لینڈ کے وزیرخارجہ سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے فنلینڈ کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں ایران کے بعض مطالبات پر توجہ نہیں دی جارہی ہے
فن لینڈ کے وزیرخارجہ پکا ہاویستو پیر کو تہران پہنچے جہاں وزارت خارجہ کی عمارت میں ایرانی وزیرخارجہ نے ان کا استقبال کیا اور باہمی مذاکرات انجام دئے -
مذاکرات کے بعد ایران اور فن لینڈ کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پیس کانفرنس سے بھی خطاب کیا - ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں ایران کے بعض مطالبات پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن تہران پوری نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ ایک اچھے اور فوری سمجھوتے کے حصول کی کوشش جاری رکھے گا۔
انہوں نے ویانا مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ویانا مذاکرات کے تازہ ترین مسودے کو دیکھنے کے بعد اس بات کا اندازہ ہوا کہ ابھی بھی ایران کے بعض مطالبات پر توجہ نہیں دی جارہی ہے-
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار ویانا میں جاری مذاکرات کے دوران سمجھوتے سے متعلق متن کی تیاری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
فن لینڈ کے وزیرخارجہ نے بھی کہا کہ ہم ایٹمی معاہدے کی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ایٹمی معاہدہ دوبارہ بحال ہوجائے گا اورسرانجام کامیاب مذاکرات کا نتیجہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی معاملات میں فروغ کے موقع میں تبدیل ہوگا ۔
ایران اور فن لینڈ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں یمن اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔